پیٹرول کی ضرورت نہ بجلی کا استعمال ۔۔ اب شمسی توانائی سے چلنے والی گاڑی بھی مارکیٹ میں دستیاب

متحدہ عرب امارات کی آٹو انڈسٹری نے جدت کی طرف ایک قدم اور آگے بڑھتے ہوئے مکمل طور پر شمسی توانائی سے چلنے والی دنیا کی پہلی جدید الیکٹرک کار لانچ کردی ہے۔

یہ جدید اور خوبصورت لانگ رینج سولر الیکٹرک کار نیدر لینڈ کی ایک کمپنی لائٹ ایئر نے تیار کی ہے اور لائٹ ایئر زیرو کے نام سے اس گاڑی کو شارجہ ریسرچ ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن پارک میں منعقدہ ایک تقریب میں لانچ کیا گیا۔

ایس آر ٹی آئی پارک کے سی ای او حسین المحمودی نے لائٹ ایئر زیرو کی نقاب کشائی کی۔ کمپنی نے اپنی ویب سائٹ پر گاڑی کی قیمت 2 لاکھ 50 ہزار یورو یعنی تقریباً 9 لاکھ درہم رکھی ہے۔ متحدہ عرب امارات اور گاڑی میں دلچسپی رکھنے والے دیگر ممالک کے خریدار کمپنی کی ویب سائٹ سے گاڑی کا آرڈر دے سکتے ہیں۔

یہ گاڑی 2023 کے اوائل سے صارفین کے لیے دستیاب ہوگی۔ لائٹ ایئر زیرو کو ٹیسلا کی ماڈل ایس کے مقابلے میں دوگنا موثر قرار دیا جارہا ہے۔ یہ کار سال بھر میں صرف 1500 کلو واٹ بجلی استعمال کرتی ہے۔ اس کی رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے اور یہ 10 سیکنڈ میں صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک چل سکتی ہے۔

ایس آر ٹی آئی پارک کے سی ای او حسین المحمودی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات شمسی توانائی کے دنیا کے تیسرے سب سے بڑے پروڈیوسر کے طور پر لائٹ ایئر کی شمسی ٹیکنالوجی کو جانچنے کے لیے ایک بہترین جگہ ہے۔