گم ہونے کا ڈر نہ کسی حادثے کی فکر۔۔ مصنوعی ذہانت سے آراستہ دنیا کا سب سے جدید ترین بےبی سٹرولر

آج کے جدید دور میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس یعنی مصنوعی ذہانت ہر شعبے میں موجود ہے یہاں تک بچوں کے استعمال کی اشیا بھی اس سے مستثنیٰ نہیں- کینیڈین سٹرولر بنانے والی کمپنی Glüxkind نے دنیا کا سب سے جدید آرٹیفیشل انٹیلیجنس( AI ) سے چلنے والا بے بی اسٹرولر متعارف کروایا ہے۔

یہ جدید اسٹرولر دیگر بےبی اسٹرولر کے مقابلے میں ایک تکنیکی عجوبہ قرار دیا جارہا ہے- یہ جدید بےبی اسٹرولر نہ صرف بچے کو نیند کی وادیوں میں آسانی سے لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ اسٹرولر چلانے والے شخص کو اوپر اور نیچے کے ڈھلوان پر مشتمل راستوں کے حوالے سے رہنمائی بھی کرتا ہے-

اس میں نصب سینسرز اور کیمروں کی مدد سے اردگرد کی نگرانی بھی کی جاسکتی ہے جبکہ اس کے علاوہ اور بھی کئی فیچرز موجود ہیں اس اسٹرولر میں- پہلی نظر میں یہ ایک عام سا اسٹرولر معلوم ہوتا ہے لیکن حقیقت میں یہ ایک چھوٹی بیٹری سے چلنے والی گاڑی ہے جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے فیچر سے آراستہ ہے-

کمپنی نے اسٹرولر میں پش اور بریک سسٹم کی مدد فراہم کی ہے، جو اوپر اور نیچے کی طرف ڈھلوانوں سے نمٹتی ہے- اس کے علاوہ اس اسٹرولر کے نچلے حصے میں ایک ایسی جگہ بھی بنائی گئی ہے جہاں گروسری رکھی جاسکتی ہے-

یہ اسٹرولر آزادانہ گھوم سکتا ہے کیونکہ اس میں سیلف ڈرائیونگ سسٹم موجود ہے جبکہ والدین بچے سے رابطے میں رہتے ہیں- اس میں موجود سینسرز راستے میں موجود رکاوٹوں اور فٹ پاتھ کا تعین کرتے ہیں- جبکہ اسے اسمارٹ فون کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے-

یہ اسٹرولر بچے کو جھولا جھولنے میں اور سونے میں مدد بھی دیتا ہے جس کے لیے اس کے اندر ایک خاص آواز پیدا کرنے کا سسٹم موجود ہے-

اسٹرولر میں نصب بیٹری کو چارج کرنے میں 3 گھنٹے کا وقت لگتا ہے جبکہ اسے 6 گھنٹے تک استعمال کیا جاسکتا ہے- اسمارٹ فون ایپ اور جی پی ایس سسٹم کی مدد سے اسٹرولر کی نگرانی کی جاسکتی ہے تاکہ آپ ہر وقت اس کے ٹھکانے سے باخبر رہ سکیں-