پاکستان میں پیٹرول کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد کم دکھائی دے رہی ہے کیونکہ مہنگے ایندھن کی وجہ سے لوگوں کا بجٹ بری طرح متاثر ہوا ہے- لیکن جن لوگوں کیلئے گاڑیوں کا استعمال بہت ضروری ہے اور پیٹرول کا استعمال بھی کم کرنا چاہتے ہیں تو ان لوگوں کو ہم چند ایسی آسان ٹپس بتائیں گے جن کی مدد سے آپ کم خرچ میں زیادہ سفر کرسکتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ یہاں بتائی جانے والی زیادہ تر ٹپس میں پاکستان میں گاڑیوں کے حوالے سے ماہرانہ رائے رکھنے والے سنیل منج کی تجاویز بھی مشتمل ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ اپنی گاڑی میں آئل اور ائیر فلٹر وقت پر تبدیل کروائیں تو آپ کی گاڑی میں فیول کا استعمال کم ہوسکتا ہے کیونکہ مینٹیننس نہ ہونے کی وجہ سے گاڑی زیادہ پیٹرول استعمال کرتی ہے اور جہاں آپ کا ایک لیٹر پیٹرول استعمال ہوتا ہے وہاں تقریباً سوا یا ڈیڑھ لیٹر تک استعمال ہوسکتا ہے جس کا اثر آپ کی جیب پر پڑتا ہے- اس لئے کوشش کریں کہ اپنی گاڑی کی مینٹیننس وقت پر کروائیں تاکہ آپ پیٹرول کے اضافی استعمال سے بچ جائیں۔
گاڑی کے استعمال میں ٹریفک جام اور رکاوٹیں آپ کے فیول کیلئے دشمن سے کم نہیں۔ ٹریفک جام کی وجہ سے اکثر گاڑی رش میں پھنسے سے جہاں پیٹرول کا ضیاع ہوتا ہے تو وہیں آپ کا موڈ بھی خراب ہوجاتا ہے۔ کوشش کریں کہ رش کے اوقات میں سفر کے بجائے اس وقت سفر کریں جب ٹریفک کم ہو اور ایسے راستوں کا انتخاب کریں جہاں رکاوٹیں زیادہ نہ ہوں۔ اس سے آپ کا سفر آسان بھی رہے گا اور آپ کا موڈ بھی خوشگوار رہے گا۔
گاڑی کے پہیوں میں ہوا بھی پیٹرول کے استعمال پر اثر انداز ہوتی ہے، وہ ایسے کہ جب ہوا کم ہوگی تو گاڑی کا توازن برقرار نہیں رہے گا اور ایک طرف جھکاؤ کی وجہ سے انجن کو زیادہ طاقت استعمال کرنے کی ضرورت پیش آئیگی اور یہ دباؤ آپ کے پیٹرول کے استعمال کو بڑھا دے گا۔ اس لئے کوشش کریں کہ سفر سے پہلے پہیوں میں ہوا ضرور چیک کریں اور پیٹرول کے اضافی خرچ سے چھٹکارا پائیں۔
گاڑی کے استعمال میں اکثر لوگ انتظار کرتے وقت انجن اور اے سی آن رکھتے ہیں جس سے آپ کے پیٹرول کا استعمال مسلسل جاری رہتا ہے۔ اگر آپ کہیں انتظار کررہے ہیں تو انجن اور اے سی بند کرکے گاڑی سے باہر آجائیں اور قدرتی ہوا کا لطف اٹھائیں اس سے آپ کی صحت اور جیب دونوں پر مثبت اثر ہوگا۔
سفر کے دورن گاڑی کی رفتار کو بہت زیادہ نہ رکھیں کیونکہ بار بار رفتار کم کرنے سے آپ کے انجن پر زیادہ دباؤ آتا ہے۔ تیز سے سلو اور سلو سے پھر تیز کرنے میں انجن زیادہ پیٹرول استعمال کرتا ہے۔ اس لئے کوشش کریں کہ درمیانی رفتار رکھیں تاکہ آپ کو بار بار تیز اور سلو کے جھنجھٹ میں نہ پڑنا پڑے۔ یہاں ایک چیز اور ہمیشہ مد نظر رکھیں کہ مسلسل ایکسی لیٹر پر دباؤ نہ ڈالیں کیونکہ ایکسی لیٹر پر مسلسل دباؤ کی وجہ سے پیٹرول کا استعمال بڑھ جاتا ہے، کوشش کریں کہ ایکسی لیٹرپر دباؤ کم، رفتار متوازن رکھیں جس سے گاڑی کے بریکس اور آپ کی جیب پر بھی دباؤ کم ہوگا۔
ہمارے ملک میں مہنگا ہونے کے ساتھ ساتھ پیٹرول کی چوری بھی کسی المیہ سے کم نہیں، کوشش کریں کہ ایسے پمپ سے پیٹرول ڈلوائیں جہاں چوری کا خدشہ نہ ہو اور پیسوں یعنی 1000 یا 500 کے بجائے لیٹرز میں پیٹرول ڈلوائیں کیونکہ بعض پمپ پر چوری کیلئے پیمانہ سیٹ ہوتا ہے جس سے آپ پیسوں میں پیٹرول ڈلوا کر نقصان اٹھاسکتے ہیں- لیکن لیٹرز میں چوری کا خدشہ کم ہوجاتا ہے۔ اس لئے پیٹرول ڈلواتے وقت اس چیز کو بھی مدنظر رکھیں تاکہ آپ استعمال سے پہلے ہی پیٹرول غائب ہونے کے مسئلے سے بچ سکیں۔