گیس کے پریشر میں بھی اضافہ۔۔ گیس برنر کو صرف 1 منٹ میں صاف کرنے کا طریقہ اور چولہا پہلے جیسا نیا

سوئی گیس کے پریشیر کی کمی کا رونا آجکل ہر گھر میں ہے جبکہ بعض لوگوں نے اس مسئلے کے حل کے طور پر کمپریسر کا سہارا بھی لے رکھا ہے جو کہ نہ صرف غیر قانونی بلکہ خطرناک بھی ہے-

اگر ہم اپنی چولہے کی صفائی پر توجہ دیں تو کسی حد تک ہم اپنے چولہے میں گیس کے پریشر کو بڑھا سکتے ہیں اور اپنا کھانا آسانی سے تیار کرسکتے ہیں- دراصل چولہے کے برنر بعض اوقات صفائی نہ کرنے کی وجہ سے اس حد تک گندے ہوجاتے ہیں کہ برنر میں موجود سوراخ کچرا پھنسنے کی وجہ سے بند ہوجاتے ہیں اور گیس کے لیے رکاوٹ پیدا ہوجاتی ہے-

اگرچہ ان برنر کی صفائی ناممکن نہیں ہے لیکن ایک مشکل اور محنت طلب کام ضرور ہے- وقت گزرنے کے ساتھ، پانی اور دیگر مادے چولہے کے برنر کے تمام کونوں میں داخل ہو جاتے ہیں جس سے یہ بدصورت نظر آتا ہے اور اس کے ساتھ کھانا پکانے میں بہت نقصان بھی ہوتا ہے کیونکہ یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔

ہم آج جو طریقہ آپ کو بتائیں گے آپ اسے اپنا کر بہت کم وقت میں اپنے برنر کو نئے کی طرح صاف و شفاف بنا سکتے ہیں جس سے یقینی طور پر گیس کے پریشر میں بھی معمولی سا اضافہ ضرور ہوگا-

صفائی کا طریقہ:

ہم آپ کو اس مصیبت سے نکالنے جا رہے ہیں اور آپ کو اپنے برنر کو نئے کی طرح صاف ستھرا بنانے کا ایک بہتر طریقہ بتائیں گے۔ سب سے پہلے صفائی کے لیے مندرجہ ذیل اشیا جمع کرلیں۔

اسفنج۔ڈیٹرجنٹ۔بیکنگ سوڈا۔صفائی کے لیے کپڑا۔پرانا ناقابلِ استعمال ٹوتھ برش۔پیپر کلپ

اگر آپ گیس کا چولہا استعمال کرتے ہیں تو سب سے پہلے گیس والو بند کردیجیے تاکہ کسی حادثے کا اندیشہ نہ رہے- اس کے بعد برنر کے اوپر رکھے سوراخ والے حصے جسے ڈفیوزر کہا جاتا ہے کو ہٹا لیں- یہی حصہ شعلوں کو پھیلانے کا سبب بنتا ہے- اور اس کے نچلے حصے کو بھی نکال لیں-

اب ان پارٹس کو گرم بیکنگ سوڈا پانی کی ڈش میں 30 منٹ تک بھگو دیں۔ اس کے بعد انہیں اسفنج سے اچھی طرح صاف کریں اور گہرے اور تنگ سوراخوں کی صفائی کے لیے گرم صابن کے پانی کے مسکچر میں ڈوبے ٹوتھ برش کی مدد لیں- اس طرح آپ کا برنر نہ صرف پہلے کی طرح چمک جائے گا بلکہ اس کارکردگی بھی نئے برنر کی مانند ہوجائے گی-

دوسری جانب باقی چولہے میں موجود گیس کی نوزل کے سوراخ کو کھولنے کے لیے پیپر کلپ کو سیدھا کر کے استعمال کریں- اس کلپ کی مدد سے اس سوراخ میں موجود گندگی کو باہر نکالیں-

اس سارے طریقہ کار کو اپنا کر نہ صرف چولہے کے برنر کو چمکا سکتے ہیں بلکہ گیس کے پریشر میں کمی کے رونے کو بھی کسی حد تک کم کرسکتے ہیں-