بھارت میں تاج محل کے حروف سے تاج محل بنانے والے نوجوان کے چرچے

بین اقوامی 28 Jan, 2023

بھارت میں ایک نوجوان نے محبت کی عظیم یادگار تاج محل کے حروف کی مدد سے تاج محل بناکر دنیا کو حیران کردیا، تصاویر اور ویڈیو نے پوری دنیا میں دھوم مچادی۔

انسٹاگرام پر اکدیو نامی اکاؤنٹ سے ایک فنکار کی تاج محل بنانے کی ڈرائنگ بنانے کی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ کیسے ایک نوجوان فنکار نے تاج محل کے انگریزی حروف کو جوڑ کر تاج محل کی تصویر بنائی۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد لاکھوں سوشل میڈیا صارفین نے اس نوجوان کی صلاحیتوں کی تعریف کی۔

تاج محل بھارت کے شہر آگرہ میں واقع سنگ مرمر سے بنی ایک عظیم الشان عمارت ہے جسے مغل شہنشاہ شاہ جہاں نے اپنی زوجہ کی محبت کی لافانی یادگار کے طور پر دریائے جمنا کے ساحل پر بنایا تھا۔

تاج محل اپنے فن تعمیر کی خوبیوں اور خصوصیتوں کی بنا پر دنیا بھر میں مشہور ہے اور عجائبات عالم میں شمار ہوتا ہے۔ ہر سال لاکھوں سیاح اس کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ دنیا کی مختلف زبانوں کے نظم و نثر میں تاج محل اور اس کے عجائب پر اس قدر لکھا جا چکا ہے کہ ان سب کا احاطہ بے حد مشکل ہے۔

تاج محل مغل طرز تعمیر کا عمدہ نمونہ ہے۔ اس کی تعمیراتی طرز فارسی، ترک، بھارتی اور اسلامی طرز تعمیر کے اجزاء کا انوکھا ملاپ ہے۔ 1983ء میں تاج محل کو اقوام متحدہ کے ادارہ برائے تعلیم، سائنس اور کلچر نے عالمی ثقافتی ورثے میں شمار کیا۔

اس کے ساتھ ہی اسے عالمی ثقافتی ورثہ کی جامع تعریف حاصل کرنے والی، بہترین تعمیرات میں سے ایک بتایا گیا۔ تاج محل کو بھارت کے اسلامی فن کا عملی اور نایاب نمونہ بھی کہا گیا ہے۔ یہ تقریباً 1648ء میں مکمل تعمیر کیا گیا۔