تائیوان کے ایک شہری کو اس کے پالتو طوطے کے جرم کی وجہ سے دو ماہ کی قید اور 3.04 ملین نئے تائیوان ڈالر ($91,350) جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے- اس طوطے پر راہگیر کو زخمی کرنے کا الزام تھا-
یہ عجیب و غریب واقعہ مبینہ طور پر تائنان میں پیش آیا، جہاں ہوانگ نامی ایک شخص اپنے دو پالتو مکاؤوں طوطوں کو ایک مقامی پارک میں پرواز کے لیے لے گیا- اس پارک میں لوگ اکثر ورزش کرنے جاتے ہیں۔ ان میں سے ایک بڑے پرندے نے مبینہ طور پر پارک میں موجود ایک شخص کی پشت پر آ کر اپنے پروں کو زور سے پھڑپھڑانا شروع کر دیا جس سے آدمی خوفزدہ ہو گیا اور وہ گر گیا۔
بری طرح گرنے کی وجہ سے آدمی کے کولہے کا جوڑ ٹوٹ جس کے بعد اس ہسپتال میں داخل ہونا پڑا اور صحت یابی کی طویل مدت درکار تھی۔ اس نے طوطے کے مالک پر ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا۔
اس کیس میں متاثرہ شخص، جسے صرف ڈاکٹر لن کے نام سے جانا جاتا ہے، نے تائنان ڈسٹرکٹ کورٹ کو بتایا کہ اس نے ایک ہفتہ ہسپتال میں گزارا اور وہ آدھے سال سے زیادہ عرصے تک کام کرنے کے قابل نہیں رہا۔ ایک پلاسٹک سرجن کے طور پر، اسے اپنی ہڈیوں کو جوڑنے اور درست حالت میں لانے پر بہت زیادہ وقت لگانا پڑا، اس لیے ان چوٹوں نے اسے شدید مالی نقصان پہنچایا۔
ڈاکٹر لِن کے وکیل نے کہا، ’’اگرچہ ان کا کلائنٹ اب چل سکتا ہے، لیکن اگر وہ زیادہ دیر تک کھڑا رہتا ہے تو پھر بھی اسے تکلیف سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘‘
دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ دیا کہ ڈاکٹر لن کا نقصان ہوانگ کی غفلت کی وجہ سے ہوا۔ مکاؤ طوطوں کی بڑی جسامت اور بڑے پروں کی وجہ سے ان کو بڑے جانور میں شمار کیا جاتا ہے، لہذا مالک کو ایسے حادثات سے بچنے کے لیے احتیاط کرنی چاہیے تھی۔
"غیر ارادی طور پر چوٹیں پہنچانے" کی وجہ سے ہوانگ کو دو ماہ کی جیل اور 3.04 ملین نیو تائیوان ڈالر ($91,350) کا جرمانہ ڈاکٹر لن کے نقصانات کے معاوضے کے طور پر ادا کرنے کی سزا سنائی گئی۔ جبکہ پرندوں کا مالک اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، کیونکہ وہ معاوضے کو "بہت زیادہ" سمجھتا ہے۔