16 سالہ لڑکی کو شارک کھا گئی، دل دہلا دینے والا واقعہ کہاں پیش آیا؟

بین اقوامی 06 Feb, 2023

مغربی آسٹریلیا میں دریا میں تیراکی کے دوران شارک کے حملے میں 16 سالہ لڑکی اپنے دوستوں کے سامنے ہلاک ہو گئی۔

ہفتے کے روز پرتھ کے مضافاتی علاقے میں دریائے سوان سے لڑکی کی لاش نکال لی گئی، پرتھ کی رہائشی لڑکی دوستوں کے ساتھ جیٹ سکی پر سوار تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔

ویسٹرن آسٹریلیا پولیس کے انسپکٹر پال رابنسن کا کہنا ہے کہ یہ ممکن ہے کہ لڑکی نے پانی میں چھلانگ لگائی ہو تاکہ قریب ہی دیکھی گئی ڈولفن کے ساتھ تیراکی کی جا سکے لیکن اس دوران شارک کے حملے میں ہلاکت ہوگئی۔

انسپکٹر پال رابنسن نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے اور لڑکی کے خاندان پر اس کا گہرا اثرا ہوا ہے، انہوں نے لوگوں سے ساحل پر نہ جانے کی اپیل کی ہے۔

واقعہ میں ہلاک ہونے والی اسٹیلا کے والدین کا کہنا ہے کہ اسٹیلا باقاعدگی سے دوستوں کے ساتھ دریا پر دن گزارتی تھی ہم اپنی خوب صورت بیٹی کے کھو جانے سے گہرے صدمے میں ہیں۔

ماہی گیری کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دریا کے اس حصے میں شارک کا ملنا غیر معمولی بات ہے۔جنوری 1923 میں ایک 13 سالہ لڑکے کی ہلاکت کے بعد دریائے سوان میں شارک کا دوسرا پہلا مہلک حملہ سمجھا جاتا ہے۔

آسٹریلیا میں عام طور پر ہر سال شارک کے تقریباً 20 حملے ریکارڈ کیے جاتے ہیں جن میں زیادہ تر نیو ساؤتھ ویلز اور مغربی آسٹریلیا میں ہوتے ہیں۔2021 میں شارک کے دو مہلک حملے ہوئے اور 2020 میں سات حملے ریکارڈ پر آئے۔