رونالڈو نے کوارٹر فائنل پر نظریں جمالیں۔۔ کیا ٹائٹل جیتنے کا خواب پورا ہوپائے گا؟

کھیل 06 Dec, 2022

دوحہ: پرتگال کے اسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے کاعزم کرلیا، تیاریاں مکمل کرلیں۔

اپنا آخری ورلڈکپ کھیلنے والے 37 سالہ سپر اسٹار رونالڈو کا کہنا ہے کہ میری تمام توجہ ورلڈکپ پر مرکوز ہے اور اپنے آخری میگا ایونٹ کو یادگار بنانا چاہتا ہوں۔

گھانا کے خلاف اپنی ٹیم کے ابتدائی میچ میں پنالٹی پر گول کرنے کے بعد پانچ ورلڈ کپ میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بننے والے رونالڈو کوارٹر فائنل کیلئے انتہائی پرجوش ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے جس کے بعد فاتح ٹیمیں اگلے مرحلے میں جب کہ ناکام ہونے والی ٹیمیں خالی ہاتھ وطن جائیں گی۔

پُرتگال اور سوئٹزر لینڈ کی ٹیمیں اگلے مرحلے تک رسائی کی جنگ کے لیے آج رات 12 بجے ٹکرائیں گی جبکہ اس سے پہلے اسپین اور مراکش کے مابین مقابلہ ہوگا،دونوں ٹیمیں رات 8 بجے مقابلے کے میدان میں اتریں گی۔

یاد رہے کہ دفاعی چیمپئن فرانس، انگلینڈ، ارجنٹینا، نیدر لینڈ، برازیل اور کروشیا کی ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔