پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے چند روز قبل پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ٹکٹوں کے حوالے سے اہم اعلان کرکے شائقین کرکٹ کو پریشان کردیا۔
نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے 8 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ کی افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی، لیگ کے میچز دو مرحلوں میں ہوں گے، میچز ملتان، کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کرانا چاہتے ہیں، کوئٹہ میں میچز کے لیے وہاں کی انتظامیہ سے بھی بات ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل کے موقع پر ویمن کے تین نمائشی میچز ہوں گے جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل شریک ہوں گی۔
اس موقع پر نجم سیٹھی نے کہا کہ میں تمام دوستوں اور اعلیٰ شخصیات سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اگلے ماہ شروع ہونے والے پی ایس ایل میچوں کے لیے مفت ٹکٹس یا پاس نہ مانگیں، قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اس عمل سے باز رہنے کی تنبیہ کی ہے۔
نجم سیٹھی کی طرف سے مفت ٹکٹوں کے حوالے سے اعلان کے بعد پی ایس ایل کے مقابلے مفت دیکھنے کی خواہش رکھنے والوں کو شدید مایوسی ہوئی ہے اور اب لوگوں کو ٹکٹ خرید کر ہی مقابلے دیکھنے کیلئے پڑے گا۔