بچوں کو سردی میں نزلہ، زکام، بخار سے بچانے کیلئے کون کون سے پھل کھلانے چاہئیں؟

صحت 13 Dec, 2022

سردی کا موسم آتے ہی نزلہ، زکام، کھانسی اور بخار کے خطرات بڑھ جاتے ہیں لیکن اگر موسمی پھلوں کا استعمال کیا جائے تو ان وبائی امراض سے بچاؤ ممکن ہے۔آیئے دیکھتے ہیں کہ سردی کے موسم میں کون کون سے پھل کھانا بیماریوں سے بچاؤ کیلئے ضروری ہے۔

سردی اور امراض :

ماہرین کے مطابق سردیوں میں قوت مدافعت کمزور ہو جاتی ہے اور نزلہ و بخار سمیت دیگر وبائی امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے تاہم خوشی کی بات یہ ہے کہ پھل اور سبزیاں کھانے سے دل کی بیمایوں اور کینسر سمیت دیگر بیماریوں سے تحفظ ملتا ہے۔پھل سے پانی کی کمی پوری ہونے کے ساتھ ساتھ غذائی اجزا اور اینٹی آکسیڈینٹس قوت مدافعت بھی بڑھاتے ہیں۔اپنی خوراک میں موسمی پھلوں کو شامل کرکے بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔

سیب:

ہر موسم میں پایا جانے والا سیب انسانی جسم کیلئے بے شمار فائدے رکھتا ہے، سیب میں موجود فائٹو نیوٹرینٹس شوگر، کینسر اور ہائپر ٹینشن کو کے خطرے کو کم کرتے ہیں اور جلد کو تر و تازہ بناتے ہیں۔اینٹی آکسیڈینٹس، فائبر اور وٹامن سی بہت سی دیگر بیماریوں سے بچاؤ کا ذریعہ ہیں۔ انہیں جلد چھلکے سمیت کھانا چاہیے کیونکہ چھلکے میں وٹامن اے، سی، کے، کیلشیم اور فاسفورس پایا جاتا ہے۔

مالٹا:

مالٹے میں نیوٹرینٹس، فائبر، پوٹاشیم اور وٹامنز کی وجہ سے اس کے بہت سے فوائد ہیں۔مالٹا فری ریڈیکلز کو پیدا ہونے سے روکتا ہے جو کینسر کا باعث بن سکتے ہیں۔ فائبر اور پوٹاشیم دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ مالٹا فلیونائڈ اینٹی آکسیڈینٹس کا موثر ذریعہ ہے جو شوگر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہیں۔اس میں موجود وٹامن سی کی بڑی مقدار جلد کو تر و تازہ اور مضبوط رکھتی ہے اور زخموں کو بھرنے میں مدد کرتی ہے۔

انار:

انار میں فائبر کی بڑی مقدار ہونے کی وجہ سے یہ وزن کم کرنے، قبض اور کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مفید ہے۔پولی فینولک کمپاؤنڈز دل کے لیے فائدہ مند ہیں اور سسٹولک بلڈ پریشر کو کم کرتے ہیں۔ اس میں ایسے کمپاؤنڈز بھی پائے جاتے ہیں جو دانتوں، منہ کی بدبو، بیکٹیریا اور فنگس کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔

ناشپاتی:

سردیوں میں ناشپاتی کا استعمال بہت زیادہ کیا جاتا ہے۔ یہ آنتوں کو صحت مند رکھنے کے ساتھ ساتھ یہ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ ناشپاتی وٹامن ای اور سی جیسے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو بیماریوں سے بچا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ناشپاتی میں سوزش کش خصوصیات پائی جاتی ہیں جو جسم میں سوزش کو کم کرتی ہیں۔

املوک:

املوک پھل کئی قسم کے کینسر اور میٹا بولک امراض کے خطرے کو کم کرتا ہے کیونکہ املوک میں بہت سے نیوٹرینٹس موجود ہیں۔ اس میں پلانٹ کمپاؤنڈز پائے جاتے ہیں جن میں اینٹی آکسیڈینٹ خصوصیات ہیں۔اس میں کیلشیم، فاسفورس، آئرن، فائبر اور اینٹی آکسیڈینٹس پائے جاتے ہیں جو مختلف بیماریوں کے قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں۔