عقل داڑھ دیر سے کیوں نکلتی ہے ۔۔ کیا واقعی عقل کا تعلق اسی داڑھ سے ہوتا ہے؟

صحت 04 Feb, 2023

اللہ تعالیٰ نے انسانی جسم میں ہر چیز کو کسی نہ کسی مقصد کے تحت بنایا ہے اور انسانی جسم میں کوئی چیز ایسی نہیں جس کا کوئی مقصد نہ ہو۔قدرت نے انسانی جسم میں ہر عضو کی اپنی اہمیت اور خاصیت رکھی ہے۔ ایسے ہی دانتوں کی خوبصورتی اور عقل داڑھ کی اہمیت کا کوئی جواب نہیںاور عقل داڑھ کو اکثر انسانوں کی عقل سے بھی منسوب کیا جاتا ہے۔

عقل داڑھ دانتوں کے پیچھے چھپی ہوتی ہے اور ایک خاص عمر میں مسوڑھوں سے باہر آتی ہیں،اگر منہ میں اتنی جگہ نہ ہو جو عقل داڑھ نکلنے کے لیے درکار ہوتی ہے تو اس کے نکلنے کی کوشش دانتوں کو ٹیڑھا کرنے کے ساتھ مسوڑوں کے لیے بھی تکلیف دہ ثابت ہوتی ہے۔جس سے انفیکشن، دانتوں کے گرنے اور مسلسل تکلیف کی شکایات ہوسکتی ہیں۔

کچھ لوگوں کو عقل داڑھ نکلنے کے عمل کے دوران کوئی پریشانی یا درد نہیں ہوتا ہے جبکہ کچھ افراد کے لئے یہ شدید درد کی وجہ بن جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے وہ کھانا بھی نہیں کھا پاتے اس کی وجہ یہ ہے کہ عقل کا دانت آپ کے مسوڑھوں سے ٹوٹ جاتا ہے اور چبانے کے کے دوران یہ جب مسوڑھوں سے ٹکراتا ہے تو تکلیف دیتا ہے۔

عام طور پر عقل داڑھ 17سے 25برس کی عمر میں نکلتی ہےلیکن اس کا عقل سے دور دور کا بھی کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ اس کو عقل داڑھ صرف اس لیے کہا جاتا ہے کہ جو عمر اس داڑھ کے نکلنے کی ہوتی ہے وہی عمر انسان میں عقل اور شعور کے بڑھنے کی بھی ہوتی ہے۔بچوں کے جبڑے میں زیادہ گنجائش نہیں ہوتی اس لئے نوجوانی کی دہلیز پر قدم رکھنے کے بعد ہی یہ داڑھ بھی باہر آتی ہے۔