پاکستان میں کورونا کے نئے وائرس کی تصدیق۔۔ نیا وائرس کتنا خطرناک؟

صحت 21 Jan, 2023

پاکستان میں کورونا کے نئے وائرس کی تصدیق کے بعد متعلقہ اداروں میں ایک بار پھر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، نیا وائرس کیسا ہے اور کتنے لوگوں کو لپیٹ میں لے رہا ہے، آیئے آپ کو بتاتے ہیں۔

گزشتہ دو سال کے دوران کورونا وائرس 17ملین یعنی ایک کروڑ 70 لاکھ کے قریب اموات ہوئیں اور سپر پاور امریکا نے لاکھ کوشش کے باوجود 10 لاکھ 25 ہزار سے زندگیوں کی قربانی دی۔ ہمارا پڑوسی بھارت 5 لاکھ 24 ہزار سے زائد اموات کے ساتھ دنیا بھر میں سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے ممالک میں دوسرے نمبر پر رہا تو ایسے میں پاکستان کیسے پیچھے رہ سکتا تھا۔

پاکستان میں سابق حکومت کورونا کے دوران یہ دعوے کرتی رہی کہ کورونا پر قابو پالیا ہے اور کیسز کو کنٹرول کرلیا ہے ۔اس کے باوجود 30ہزار سے زائد پاکستانی اپنی زندگیوں سے محروم ہوئے ۔ اس دوران ہولناک ہلاکتوں کی اطلاعات بھی موصول ہوتی رہیں لیکن حکومت ان دعوؤں کو جھٹلاتی رہی اور اب عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں ہلاکتوں کی تعداد کو 8گنا زیادہ قرار دیا ہے ۔

اگر آپ کو یاد ہو تو کورونا وائرس کے دوران ملک بھر کے قبرستانوں میں کورونا کے مریضوں کو لانے کی اطلاعات آتی رہیں اور اب محکمہ صحت نے عالمی ادارہ صحت کے دعوے کی تصدیق کردی ہے اور اگر اس دعوے کو سچ مان لیا جائے تو 30 ہزار کو 8 سے ضرب دینے پرپاکستان میں ہونیوالی اموات تقریباً ڈھائی لاکھ کے قریب بنتی ہیں ۔

پاکستان نے رواں سال کورونا کیسز میں کمی کے بعد ملک بھر میں عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا تھا اور کورونا پر نظر رکھنے والے ادارے این سی او سی کو بھی ختم کردیا تھا لیکن ملک میں کورونا کی الگ ساخت اومی کرون کی بھی ایک نئی ساخت کا کیس سامنے آنے پر این سی او سی کو بحال کردیا گیا ہے جبکہ عوام کو ایک بار پھر ایس او پیز پر عمل کرنے کی تلقین کی جارہی ہے۔

ملک میں کورونا کے نئے وائرس ایکس بی بی 1پوائنٹ 5 کی تصدیق ہوئی ہے ،ذرائع قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ایکس بی بی 1.5 اصل میں ایکس بی بی 1 کی ذیلی قسم ہے اور اومی کرون کے مختلف ویری انٹس آتے رہیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی 90 فیصد آبادی ویکسین شدہ ہے، ویکسین کی وجہ سے لواگوں کی قوت مدافعت بہترہے، اس لئے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر 10 سے 20 کیسز ہی رپورٹ ہو رہے ہیں۔