لاہور:تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے سلسلے میں کارکنوں کے قافلے لاہور لبرٹی چوک پہنچا شروع ہوگئے،عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی آزادی کنٹینر پر موجود ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اپنی رہائشگاہ سے لانگ مارچ کے لیے روانہ ہوچکے ہیں اور کچھ دیر میں پہنچنے والے ہیں۔
مارچ سے قبل سوشل میڈیا پر بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج عمران خان سیاست کے آخری 5 اوورز کرانے جارہے ہیں۔ نومبر میں آر یا پار ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ میری دعا ہے کہ لانگ مارچ امن و امان آئین اور قانون کے مطابق اپنے مقاصد حاصل کرے۔غریب عوام اور پاکستان سنگین ترین بحران سے گزر رہا ہے کمپنی کی مشہوری کے لیے شہباز شریف نومبر میں جتنے غیرملکی دورے کرنے ہیں کر لیں۔
شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ غیر مقبول بھکاریوں کو کوئی خیرات نہیں دےگا۔اسلام آباد کے عوام نکل آئے تو کرپٹ ٹولےکو بھاگنےکی جگہ نہیں ملےگی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے باعث پاک بنگلہ دیش انڈر19 سیریز فیصل آباد سے ملتان منتقل کردی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بنگلہ دیش یوتھ سیریز کا ترمیمی شیڈول جاری کردیا۔
اس سیریز کیلئے ہنگامی طور پر ملتان سٹیڈیم میں انتظامات کا اغاز کردیا گیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم یکم نومبر کو فیصل آباد پہنچتے ہی بذریعہ روڈ ملتان کیلئے روانہ ہوگی۔