ارادے جن کے پختہ ہوں نظر جن کی خدا پر ہو تلاطم خیز موجوں سے وہ گھبرایا نہیں کرتے یہ مثال ایسے لوگوں پر صادق آتی ہے جو وقت اور حالات کو کڑی محنت اور عزم و حوصلے سے اپنے حق میں کرنے کا ہنر جانتے ہیں۔
ایسا ہی ایک نام عائشہ احتشام ہے جنہوں نے میٹرک کے دوران چھوٹی سی عمر میں شادی کے باوجود معاشرے کیلئے ایک روشن مثال قائم کردی ہے، لاہور سے تعلق رکھنے والی سی ایس پی آفیسر عائشہ احتشام کا کہنا ہے کہ میٹرک کے دوران شادی ہوگئی لیکن ہمیشہ سی ایس ایس کرنا چاہتی تھی۔
سی ایس ایس کے لیے جدوجہد حقیقی تھی۔ خاندان گھر اور بچوں کے ساتھ یہ کرنا آسان کام نہیں تھا۔ میں نے اپنی زندگی کے کئی سال سی ایس ایس کی تیاری میں گزارے ہیں اور آخر کار دو کوششوں کے بعد سی ایس ایس 2021 میں جگہ مل گئی۔
عائشہ احتشام کا کہنا ہے کہ آگے بڑھتے رہیں اور اپنے خوابوں کا تعاقب کرتے رہیں ایک دن آپ کامیاب ہوں گے۔میں اللہ رب العزت کی بے حد شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے کامیابی اور عزت دی ہے۔
یہاں میں ایک اہم بات شیئر کرنا چاہتی ہوں کہ میں اپنی الگ شناخت بنانا چاہتی تھی،میں چاہتی تھی کہ میرے آس پاس کے لوگ مجھے میری کامیابی سے جانیں۔
میں صرف شادیوں اور دیگر تقریبات میں ہی خاندان والوں سے ملتی تھی لیکن ہمیشہ یہ محسوس ہوتا تھا کہ مجھے اپنی شناخت بنانے کے لیے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری بات یہ کہ اگر آپ کے حلقے میں آپ کی بہت عزت ہے تو فخر نہ کریں بلکہ عاجزی سے رہیں۔
جیسا کہ آپ سب نے دیکھا ہوگا کہ پھل دینے والے درخت ہمیشہ زمین کی طرف جھکتے ہیں۔ اپنی شناخت بنائیں اور لوگوں کے سامنے عاجز رہ کر کامیابی حاصل کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ کام کرنے والی ماؤں کی زندگی، یا وہ مائیں جو تعلیم حاصل کر رہی ہیں، انہیں مختلف جذباتی اور جسمانی چیلنجوں سے نبرد آزما ہونا پڑتا ہے۔
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ایک کام کرتے ہوئے ہم محسوس کرتے ہیں کہ ہم بچوں کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو نظر انداز کر رہے ہیں اور ماں کا کام پوری طرح سے نہیں کر رہے ہیں لیکن ہمیشہ یاد رکھیں کہ آپ کی جدوجہد آپ کے خاندان کے لیے ہے اس لئے آگے بڑھتے رہیں۔