پاکستان میں کوئی بھی واقعہ ہو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے میمز کا طوفان برپا کردیا جاتا ہے اور اب ملک میں چکن کی قیمت 7سو روپے فی کلو تک پہنچنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے شوارمے کی قیمت پر سوال اٹھانا شروع کردیئے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ چکن کی قیمت 700 روپے کلو تک پہنچنے کے بعد شوارما 70 روپے کا کیسے مل رہا ہے کیونکہ چکن 250 سے 300 تک ہو تب بھی اور 700 روپے کلو ہے تب بھی شوارما اسی قیمت پر کیسے مل سکتا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ لوگوں کو ذبح کی ہوئی مرغی کے بجائے مردہ مرغی کا شوارما کھلایا جارہا ہے کیونکہ سپلائی سے قبل مر جانے والی مرغیوں کو تلف کرنے کے بجائے مضر صحت برائلر گوشت چکن شوارما،برگر اور فاسٹ فوڈ والوں کو سپلائی کردیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے طبی ماہرین اور جانوروں کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مضر صحت گوشت کھانے سے وبائی امراض پھیل سکتے تھے۔اس لئے اگر آپ بھی شوارما اور فاسٹ فوڈ شوق سے کھاتے ہیں تو ایک بار بازار میں چکن کی قیمت ضرور دیکھ لیں ۔
واضح رہے کہ پاکستان میں مردہ مرغیوں کو تلف کرنے کے بجائے مختلف ریسٹورنٹس ،باربی کیو اور شوارما شاپس پر سپلائی کی خبریں تواتر کے ساتھ منظر عام پر آتی رہی ہیں بالخصوص پنجاب کے بیشتر شہروں میں مردہ مرغی کا گوشت فروخت کرنے کے کئی واقعات سامنے آچکے ہیں۔
مردہ مرغی کا گوشت سپلائی کے الزامات کے تحت گرفتار افراد کے مطابق معروف ہوٹلوں ،شادی گھروں ،شوارما پوائنٹس ، باربی کیو اور جنک فوڈ میں اکثر مردہ مرغیوں کا ہی گوشت استعمال ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق مردہ مرغی کا گوشت کھانے سے آپ کو فود پوائزنگ سمیت مختلف بیماریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے جبکہ کم عمر بچوں اورکم قوت مدافعت والے افراد کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔