آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنی پوری رنگینیوں کے ساتھ جاری ہے، ٹورنامنٹ میں شامل ہر فاتح کا تاج سر پر سجانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے اور ہر ٹیم کے کھلاڑی اس میگا ایونٹ میں نمایاں کھیل پیش کرکے ٹرافی گھر لے جانے کیلئے پورا زور لگارہے ہیں۔ ورلڈ کپ میں شامل ٹیمیں یوں تو پوری طرح تیاری اور بہترین اسکواڈز کے ساتھ میدان میں اتری ہیں لیکن ان ٹیموں میں 10 کھلاڑی ایسے بھی ہیں جو تن تنہا کسی بھی وقت میچ کا نقشہ بدل سکتے ہیں۔ وہ کھلاڑی کونسے ہیں آیئے آپ کو بتاتے ہیں۔
10۔ ٹرینٹ بولٹ
آسٹریلیا کی وکٹیں ہمیشہ تیز گیند بازوں کیلئے ساز گار رہی ہیں، حالیہ ایونٹ میں بھی فاسٹ باؤلرز موسم اور وکٹ کی کنڈیشن سے فائدہ اٹھاکر ایک اسپیل میں مخالف ٹیم کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرسکتے ہیں اور ایسا کرنے والوں میں ایک نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ بھی شامل ہیں ۔ بائیں ہاتھ سے تیز باؤلنگ کرنے والے بولٹ اپنے تجربے اور رفتار کی وجہ سے ورلڈکپ کے بہترین اور جادوئی کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
9۔ شاہین شاہ آفریدی
فاسٹ باؤلنگ کی بات ہو اور شاہین کا نام نہ آئے ایسا ہوہی نہیں سکتا، انجری کے باوجود پاکستان کو ورلڈکپ کا تاج دلوانے کیلئے پوری جان لگانے والے شاہین آفریدی اس وقت دنیا کے بہترین گیند بازوں میں سے ایک ہیں اور شاہین کے 4 اوورز مخالف ٹیم کیلئے ڈراؤنا خواب ثابت ہوسکتے ہیں۔
8۔ ونیندو ہسارنگا
ٹیسٹ ہو ونڈے یا ٹی ٹوئنٹی اسپنرز کے بغیر کوئی بھی میچ نامکمل ہے، اپنی گھومتی ہوئی گیندوں سے مخالف بلے بازوں کو چکرانے والے اسپنرز میں سری لنکا کے ونیندو ہسارنگاکا نام بھی شامل ہے جو اپنی گھومتی گیندوں پر مخالف بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھا کر سری لنکا کو فتح کے راستے پر ڈال سکتے ہیں۔
7۔ راشد خان
ناآمور افغان ٹیم کے اسٹار اسپنر راشد خان کے 4 اوورز مخالف بلے بازوں کیلئے کسی آزمائش سے کم نہیں اور راشد خان اپنے ان 4 اوورز میں ہی میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
6۔ ہاردک پانڈیا
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیانے بے شمار میچز میں ہار کو جیت میں بدل کر اپنی ٹیم کی نیا پار لگائی ہے اور ورلڈکپ کے اسکواڈ میں ہاردک پانڈیاکی موجودگی بھارتی کرکٹ ٹیم کو کسی بھی میچ میں شکست سے فتح کے قریب کے جاسکتی ہے۔
5 ۔ شکیب الحسن
دنیا کے بہترین آل راؤنڈرز میں سے ایک بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کسی بھی طرح کے حالات میں اپنے بیٹنگ اور باؤلنگ سے بنگلہ دیش کو فتح سے ہمکنار کروانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
4۔ ڈیوڈ وارنر
کینگروز کے اسکواڈ میں کئی خطرناک بلے باز شامل ہیں لیکن اننگ کی شروعات کرنے والے ڈیوڈ وارنر کا شمار دنیا کے سب سے خطرناک کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔پستہ قد وانر آسٹریلین ٹیم کو تن تنہا کئی میچز جتواچکے ہیں اور اس میگا ایونٹ میں بھی وانر مخالف ٹیموں کیلئے بہت خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
3۔جوز بٹلر
وکٹوں کے پیچھے ہمیشہ متحرک نظر آنے والے انگلش ٹیم کپتان جوز بٹلر اپنی طوفانی بیٹنگ سے کسی بھی ٹیم کی باؤلنگ کو تہس نہس کرکے مخالف ٹیم سے فتح چھیننے کی اہلیت رکھتے ہیں اور اس میگا ایونٹ میں بٹلر ایک بار پھر اپنی شاندار بلے بازی کیلئے پرعزم ہیں۔
2۔بابر اعظم
اپنی بیٹنگ سے پوری دنیا کو اپنا گرویدہ بنانے والے بابر اعظم دور حاضر میں رنز کی مشین کہلاتے ہیں۔ ہر طرح کی کرکٹ میں رنز کے انبار لگانے والے بابر اعظم اگر ایک بار وکٹ پر کھڑے ہوجائیں تو پھر مخالف سے فتح چھین کرہی جاتے ہیں۔ بھارت کیخلاف پہلے میچ میں ناکامی کے باوجود بابر اعظم ورلڈکپ میں اپنا جلوہ ضرور دکھائیں گے۔
1۔محمد رضوان
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے نمبر ون بلے باز محمد رضوان کے وکٹ پر آتے ہی مخالف ٹیم اپنے فیلڈرز کو باؤنڈریز پر بھجوادیتی ہے کیونکہ رضوان کے بلے سے لگنے والی گیند باؤنڈری سے پہلے گرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ ابتدا میں خاموشی سے سنگل ڈبل لینے والے رضوان وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد جب میدان کے چاروں طرف شارٹس لگاتے ہیں تو مخالف ٹیم کیلئے انہیں روکنا ناممکن ہوجاتا ہے۔ محمد رضوان اپنی کرشماتی بیٹنگ کی وجہ سے اس ایونٹ کے سب سے خطرناک کھلاڑی ہیں۔