میں کرکٹ کھیلتا تھا لیکن اتنا کامیاب نہیں تھا۔ ایک دن گھر آیا اور شیشے میں خود کو دیکھا تو سوچا کہ کیا کوئی انٹرنیشنل پلیئر ایسا ہوسکتا ہے؟ اتنا موٹا تھا کہ شیشہ دیکھ کر برا لگتا تھا۔ پھر بس مجھے محسوس ہوا کہ یہ حد ہوگئی ہے می خود کو مزید اتنا موٹا نہیں دیکھ سکتا۔ یہ خیال آتے ہی میں نے وزن کم کرنے کی ٹھانی“
یہ کہنا ہے بھارت کے مشہور بلے باز اور سابق کپتان ویرات کوہلی کا۔ ویرات 2011 سے کرکٹ کھیل رہے ہیں لیکن اس وقت ان کا وزن اب کے مقابلے میں کہیں زیادہ تھا۔ کچھ عرصہ قبل دیے گئے انٹرویو میں ویرات نے بتایا کہ زیادہ وزن کی وجہ سے کڑی محنت کے باوجود وہ اس طرح کرکٹ نہیں کھیل پاتے تھے جیسے وہ چاہتے تھے۔ لیکن ایک دن شیشہ دیکھتے ہوئے انھوں نے تہیہ کرلیا کہ اب وزن کم کرنا ہے اور اگلے ہی دن انھوں نے اپنا طرزِ زندگی بدل لیا۔
ویرات نے بتایا کہ وہ 2 گھنٹے ورزش کرتے تھے اور کھانے سے تیل اور میٹھے کو بالکل ختم کردیا۔ یہاں تک کہ وہ کوئی چیٹ ڈے بھی نہیں رکھتے تھے اور ہفتے میں ایک دن آرام کرتے تھے۔ اس طرح تقریباً 10 مہینوں میں انھوں نے اپنا وزن 85کلو سے 67 کلو تک کرلیا۔