نامور صحافی ارشد شریف کی کینیا میں ناگہانی موت نے پاکستان میں اہم شخصیات کی اموات کے زخموں کو ایک بار پھر تازہ کردیا ہے جن کی اچانک وفات آج تک لوگوں کے ذہنوں میں معمہ بن کر الجھی ہوئی ہے۔
سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کو سزائے موت سنانے والے جسٹس وقار سیٹھ پرویز مشرف کو سزاء سنانے کے کچھ دن بعد کورونا سے وفات کے بعد لوگوں کے ذہنوں میں سوال چھوڑ گئے تھے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کو سزا سنانے والے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک نوازشریف کو سزاء سنانے کے حوالے سے کچھ متنازع ویڈیوز سامنے آنے کے بعد کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے۔
پاکستان میں مزاحمتی سیاست میں تیزی سے ابھر کر منظر عام پر آنے والے مولانا خادم حسین رضوی سیاست میں انتہائی فعال کردار ادا کررہے تھے اور ان کی مقبولیت میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آرہا تھا۔ معذوری کے باوجود مسجد کے خطیب سے ایک بڑی جماعت تک پہنچنے والے خادم حسین رضوی اچانک 19 نومبر 2020 کو وفات پاگئے۔
پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے مقبول اینکر اور معروف سیاستدان عامر لیاقت حسین نے تیزی سے مقبولیت کی بلندیوں پر پہنچنے کے بعد 9 جون 2022 کو کراچی میں انتقال کیا۔ عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد کئی تنازعات سامنے آئے تاہم ان کے پوسٹ مارٹم میں رکاوٹوں کی وجہ سے حقائق آج تک سامنے نہیں آسکے۔
پاکستان کے معروف صحافی ارشد شریف گزشتہ روز کینیا میں پولیس کی گولیوں کا نشانہ بنے، ارشد شریف پاکستان میں درپیش مسائل کی وجہ سے ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے اور دبئی میں ویزا کی میعاد ختم ہونے کی وجہ سے انہیں کینیا جانا پڑا تاہم کچھ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ ارشد شریف کسی مبینہ ویڈیو کے حوالے سے کینیا گئے تھے اور پولیس کے دعوے کے مطابق غلطی فہمی کی بناء پر گولیاں کا نشانہ بنے۔