دوست کے پیچھے دوست بھی چلا گیا۔۔ معروف اداکار ماجد جہانگیر کی زندگی کے دکھ جو وہ ساتھ لے گئے

فن اور تفریح 11 Jan, 2023

پی ٹی وی کے مزاحیہ شو ففٹی ففٹی سے شہرت حاصل کرنے والے معروف کامیڈین ماجد جہانگیر طویل علالت کے بعد لاہور کے ایک مقامی اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں۔

ماجد جہانگیر ایک سال 2015 سے فالج کا شکار چلے آرہے تھے جبکہ ان کی صحت بھی سنگین نوعیت کے مسائل کا شکار تھی اور اب ان کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی مستقل فرد بھی موجود نہیں تھا- ماجد جہانگیر بے اولاد تھا اور ان کی اہلیہ صبا ماجد جو ان کی دیکھ بھال کر رہی تھیں وہ بھی سال 2020 میں انتقال کر گئی تھیں۔

گزشتہ ماہ ماجد جہانگیر اپنے گھر میں گر گئے جس کے باعث ان کی ریڑھ کی ہڈی میں بال آ گیا اور اس نئی پریشانی نے ان کی صحت پر مزید منفی اثرات مرتب کیے جس سے ان کی صحت مزید تیزی سے گرنے لگی-

ماجد جہانگیر کی دوستی :

ففٹی ففٹی کے دونوں مشہور اداکاروں ماجد جہانگیر اور اسماعیل تارا کی دوستی بھی خوب تھی اور اس دوستی کی مثال ہر جگہ دی جاتی تھی- لیکن پھر نہ جانے اس دوستی کو کس کی نظر کھا گئی کہ دونوں دوستوں میں کچھ ایسے اختلافات پیدا ہوئے ماجد جہانگیر اور اسماعیل تارا کی راہیں جدا ہوگئیں- لیکن اب دونوں ہی مشہور شخصیات ایک دوسرے کے آگے پیچھے دنیا سے رخصت ہوگئیں- اسماعیل تارا گزشتہ سال 24 نومبر 2022 کو یعنی تقریباً ڈیڑھ ماہ قبل انتقال کر گئے تھے-

زندگی کے دکھ:

سب کو ہنسنانے والے ماجد جہانگیر نے اپنی زندگی میں کئی دکھ جھیلے- سب سے برا دکھ انہیں بےاولادی کا ملا اور اس کے بعد فالج کے حملے نے ان کی زندگی میں مزید مشکلات پیدا کردیں- اس سب سے صورتحال کے دوران غربت کا جن بھی انہیں مسلسل کھائے جا رہا تھا- اور زندگی کی اس لڑائی کے دوران ایک دکھ اس وقت مزید ان کے حصے میں آگیا جب ان کی دیکھ بھال کرنے والی اہلیہ اور دنیا میں ان کا واحد سہارا بھی اس جہانِ فانی سے کوچ کر گئیں-

اپنی بیماری اور غربت کے دنوں میں ماجد جہانگیر نے متعدد بار حکومتِ وقت سے مدد کی اپیل کی لیکن ماجد جہانگیر کے مطابق امداد کے اعلانات کے باوجود بھی ان پر کبھی عمل درآمد نہیں ہوا-

اس کے علاوہ ماجد جہانگیر کا اپنے دوست فنکاروں کے حوالے سے بھی کہنا تھا کہ اب ان کے گھر کوئی نہیں آتا ہے اورفنکار برادری تو میرے گھر کا رخ بھی نہیں کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ تمام بڑے نامور فنکار میرے آگے پیچھے پھرتے تھے۔

اپنے آخری دنوں میں اداکار ماجد جہانگیر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ معروف ٹی وی اینکر اقرارالحسن اور وسیم بادامی نے ان کے نام پر کی گئی فنڈ ریزنگ ٹیلی تھون میں جمع ہونے والی 10 لاکھ روپے کی رقم ہڑپ کر لی ہے۔

ماجد جہانگیر کی مالی امداد کے پیشِ نظر انہیں نجی چینل اے آر وائی ڈیجیٹل پر مدعو کیا گیا اس فنڈ ریزنگ ٹیلی تھون میں 10 لاکھ روپے کی رقم اداکار کے علاج کیلئے جمع ہوئی جبکہ اینکر وسیم بادامی نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ وہ اداکار کو ایک نئی گاڑی بھی عطیہ میں دیں گے تاکہ وہ اسپتال تک باآسانی جا سکیں۔

تاہم اب ماجد جہانگیر کا آخری دنوں میں کہنا تھا کہ انہیں نہ تو وہ گاڑی دی گئی اور نہ ہی ان کے علاج کے نام پر جمع ہونے والی رقم ملی ہے۔ اداکار نے کہا اس پروگرام کے دوران اقرار الحسن اور وسیم بادامی ایسے میرے پیروں میں بیٹھ گئے جیسے میں کوئی بہت بڑی شخصیت ہوں اور کہا کہ اسٹوڈیو میں کھڑی یہ نئی ٹویوٹا کورولا اب آپ کی ہے مگر دھوکا کیا گیا کچھ نہیں ملا۔

ماجد جہانگیر نے کہا تھا کہ میرا ان کیلئے یہ پیغام ہے کہ یاد رکھنا میں تمہیں اگلے جہاں جا کر پکڑ لوں گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف میں پریس کلب جا کر بھی احتجاج کرتا رہا ہوں مگر کسی نے میری بات نہیں سنی۔

اور اب ماجد جہانگیر اگلے جہان پہنچ چکے ہیں اور وہاں ان کے دکھ اور ان کی فریاد بھی ان کے ساتھ ہیں اور بےشک اوپر بہتر انصاف کرنے والا بھی موجود ہے-