طلاق صرف دو لوگوں کو ہی نہیں بلکہ ذہنی اور معاشرتی طور پر پورے گھر کو ہی توڑ کر رکھ دیتی ہے اور اس سارے معاملے میں ایک بڑا نقصان طلاق حاصل کرنے والے جوڑے کے بچوں کا ہوتا ہے جنہیں اب اپنے ماں اور باپ میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوتا ہے- شوبز کی دنیا میں بھی ایسے کئی ستارے موجود ہیں جو کبھی آپس میں میاں بیوی کا رشتہ نبھاتے تھے لیکن اب ان کے درمیان کوئی رشتہ نہیں بچا لیکن ان کی ایک خاصیت یہ ہے کہ اولاد کی ڈور نے انہیں اب بھی ایک دوسرے سے جوڑا ہوا ہے-
ماڈل اور اداکارہ فضا علی کی شادی صرف 8 سال چلی لیکن اس دوران ان کے ہاں ایک بیٹی کی پیدائش جس ہوئی جس کا نام انہوں نے فرال رکھا- شادی کے اختتام پر فرال کی ذمہ داری فضا علی نے ہی قبول کی- لیکن انہوں نے فرال کو اپنے والد سے ملنے سے کبھی نہیں روکا- یہاں تک کہ فرال والد کے علاوہ اپنی دادی سے بھی ملتی ہیں-
معروف اداکار اظفر اور سلمیٰ کے درمیان نو سال تک دوستی اور شادی کا رشتہ قائم رہا اور اس دوران ان کے ہاں ایک بیٹی کی پیدائش بھی ہوئی- لیکن بدقسمتی سے اس رشتے کا اختتام طلاق پر ہوا- جس کے بعد اظفر کی زندگی میں نوین وقار آئیں لیکن یہ شادی بھی زیادہ عرصے چل نہ سکی- جس کے بعد لوگوں نے اصل قصور وار اظفر کو ہی ٹھہرایا- تاہم اظفر کا کہنا ہے کہ لوگ یہ نہیں جانتے کہ میرے اور سلمیٰ کے درمیان دوستی رشتہ آج بھی برقرار ہے اور ہم دونوں اپنی بیٹی کی وجہ سے ملتے ہیں- اظفر نے اس بات کا انکشاف ایک شو کے دوران کرتے ہوئے کہا کہ میں روزانہ ہی اپنی بیٹی فاطمہ سے ملاقات کرتا ہوں-
شمعون اور جویریہ کے درمیان اس وقت سے دوستی چلی آرہی تھی جب انہوں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا جو کہ آگے چل کر ایک دوسرے کے شریک حیات میں تبدیل ہوگیا- ان دونوں کی جوڑی میں انزلہ کا اضافہ ہوا لیکن جویریہ اور شمعون کا رشتہ زیادہ چل نہ سکا اور نوبت طلاق تک پہنچ گئی- جس کے بعد انزلہ جویریہ عباسی کے پاس آگئیں- لیکن بیٹی کا رشتہ اپنے والد سے بھی اتنا ہی مضبوط ہے جتنا کہ والدہ سے- جویریہ اور شمعون کا بیٹی کے حوالے سے تو ملنا ہوتا ہی ہے اور وہ کبھی بھی اپنی بیٹی کے سامنے کسی بھی قسم کی نفرت یا غصہ کا اظہار نہیں کرتے۔۔۔کیونکہ وہ جانتے ہیں اس سے ان کی بیٹی پر برا اثر پڑے گا-