اگر آپ 30 سال کے ہیں تو اتنے گھنٹے ضرور سوئیں، جانیے اپنی عمر کے مطابق آپ کو کتنے گھنٹے لازمی سونا چاہیے؟

صحت 29 Dec, 2022

بہترین اور مکمل نیند ایک صحت مند زندگی کے لیے سب سے اہم عنصر ہے لیکن ہم اپنی روزمرہ کی زندگی کی الجھنوں کی بدولت اس سے محروم رہتے ہیں۔ ماہرین ہر عمر کے افراد کے لیے نیند کا دورانیہ مختلف مختص کرتے ہیں- تاہم ہم میں سے بیشتر افراد اس دورانیے سے ناواقف ہیں- آئیے آج جانتے ہیں ماہرین کے مطابق کس عمر کے افراد کو کتنے گھنٹے ضرور سونا چاہیے تب ہی اس کی زندگی پرسکون اور صحت مند گزر سکتی ہے-

3 ماہ تک کا بچہ:

ماہرین پہلے نومولود یعنی 3 ماہ تک کے بچے کے لیے 12 سے گھنٹے تک کی نیند لازمی قرار دیتے تھے لیکن اب اس میں تبدیلی آچکی ہے اور اب ماہرین اتنی عمر کے بچے کے لیے 14 سے 17 گھنٹے کی نیند تجویز کرتے ہیں کیونکہ جب نیند پوری نہ ہو تو بچے کے مزاج میں چڑچڑا پن پیدا ہوجاتا ہے۔

4 سے 11 ماہ کا بچہ:

اس عمر کے بچے کے لیے تجویز کردہ دورانیہ 12-15 گھنٹے ہے، لیکن پیمانہ وسیع رینج کے ساتھ ہے اور 10 سے 18 گھنٹے کے درمیان مختلف ہو سکتا ہے۔

1 سے 2 سال کا بچہ:

اس عمر کے بچوں کے لیے تجویز کردہ مدت 11-14 گھنٹے ہے، لیکن رینج بھی وسیع ہے جس کی وجہ سے سونے کی مدت 9 سے 16 گھنٹے تک بھی ہوسکتی ہے-

3 سے 5 سال کے بچے:

ماہرین کے مطابق اس عمر کے بچوں کی نیند 10 سے 13 گھنٹے کے درمیان لازمی ہونی چاہیے لیکن اس میں تبدیلی بھی ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے یہ نیند 8 سے 14 گھنٹے بھی ہوسکتی ہے۔

6 سے 13 سال:

اسکول جانے والے اس عمر کے بچوں کی نیند 9 سے 11 گھنٹے ہونی چاہیے جو کہ تبدیلی کے ساتھ 7 سے 12 گھنٹے تک بھی ہوسکتی ہے-

14 سے 17 سال تک کے نوجوان:

اس عمر کے نوجوان افراد کی نیند کی تجویز کردہ مدت 8 سے 10 گھنٹے ہے، جو کہ حد سے حد 7 سے 11 گھنٹے بھی ہوسکتی ہے۔

18 سے 25 سال تک کے جوان افراد:

یہ بھرپور جوانی کی عمر ہوتی ہے اور ماہرین اس عمر کے افراد کے لیے 7 سے 9 گھنٹوں پر مشتمل نیند لازمی قرار دیتے ہیں جس کی زیادہ سے زیادہ مدت 6 سے 11 گھنٹے تک ہوسکتی ہے-

26 سے 64 سال کے بالغ افراد:

اس عمر کے افراد کے لیے ماہرین کے مطابق 7 سے 9 گھنٹے تک سونا بہترین ہے تاہم یہ نیند 6 سے 10 گھنٹے تک بھی ہوسکتی ہے-

65 سال سے زائد عمر کے بزرگ افراد:

اس عمر کے بزرگ افراد کے لیے ماہرین کی تجویز کردہ عمر 7 سے 8 گھنٹے ہے جس کا پیمانہ 5 سے 9 گھنٹے بھی ہوسکتا ہے-