بلیک ٹی: بی پی، شوگر کولیسٹرول میں باکمال لیکن ۔۔بلیک ٹی پینے والے فوائد کے ساتھ نقصان بھی جان لیں

صحت 15 Dec, 2022

بلیک ٹی یاکالی چائے اصل میں کالی نہیں ہوتی، چین میں اس چائے کو اس کے رنگ کی وجہ سے ’’سرخ چائے‘‘ کہا جاتا ہے اور اسے روزانہ پینے سے صحت کے بہت سے فوائد حاصل ہو سکتے ہیں۔ کچھ لوگ اسے کافی کے متبادل کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں لیکن اس کا زیادہ استعمال آپ کیلئے نقصان کا سبب بھی بن سکتاہے۔

بلڈ پریشر :

ایک اندازے کے مطابق دنیا کی 26فیصد آبادی کو ہائی بلڈ پریشر کا مسئلہ درپیش ہے جوکچھ سنگین مسائل کا باعث بن سکتا ہےلیکن بلیک ٹی سے بلڈ پریشر کم کرنے میں مدد ملتی ہے اور اگر آپ روزانہ کالی چائے پیتے ہیں تو اپنے بلڈ پریشر کو کم کرسکتے ہیں لیکن اس کا بہت زیادہ استعمال نقصان بھی پہنچاسکتا ہے۔

کولیسٹرول:

دنیا میں آج ہر 3 میں سے ایک بالغ انسان ہائی کولیسٹرول کیوجہ سے پریشان ہے جبکہ مردوں کو عام طور پر خواتین کے مقابلے میں زیادہ خطرہ ہوتا ہے لیکن محققین کاکہنا ہے کہ کالی چائے کو اپنی غذا میں شامل کرنے سے آپ کے کولیسٹرول کی سطح کو نمایاں مقدار میں کم کیا جا سکتا ہے۔

دانت :

چائے عام طور پر مجموعی طور پر زبان کی صحت کے لیے کئی فوائد فراہم کر سکتی ہے لیکن خاص طور پر کالی چائے میں ایسے مرکبات پائے جاتے ہیں جو نقصان پہنچانے والے بیکٹیریا کو مار دیتے ہیں۔

ذیابیطس :

دنیا بھر میں تقریباً 422 ملین افراد ذیابیطس کا شکار ہیں،ٹائپ 2 ذیابیطس توتمام تشخیص شدہ کیسوں میں سے تقریباً 90-95 فیصد ہوتا ہے تاہم کالی چائے کا استعمال آپ کے خون میں شوگر کی مقدار کو کم کر سکتا ہے، اور نتیجتاً آپ کے اس مرض میں مبتلا ہونے کے امکانات بھی کم ہوسکتے ہیں۔

سردرد:

بلیک ٹی کے استعمال کے فوائد کے ساتھ اس کے نقصان بھی جاننا بہت ضروری ہے، اس کا زیادہ مقدار میں استعمال سردرد، گھبراہٹ اور درد شقیقہ یعنی آدھے سر کا درد یا مائیگرین میں بھی مبتلاکرسکتا ہے۔

نیند :

اگر آپ ایک کپ بلیک ٹی لیتے ہیں تب تو آپ مزہ کی نیند سوسکتے ہیں لیکن اگر آپ زیادہ مقدار میں کالی چائے پیتے ہیں تو جسم میں کیفین کی مقدار بڑھنے سے آپ کی نیند میں خلل پڑسکتا ہے اور آپ کی نیند بھی چائے کی بھاپ کے ساتھ اڑسکتی ہے۔ اس لئے بلیک ٹی پینا چاہتے ہیں تو ضرور پئیں لیکن اعتدال کے ساتھ ورنہ نقصان بھی ہوسکتاہے۔