خوبصورت مساجد۔۔ شاندار تعمیرات۔۔ ثقافتی رنگوں سے سجے مراکش کے بارے میں جانئے

بین اقوامی 15 Dec, 2022

قطر میں جاری فٹ بال ورلڈکپ میں اپنے شاندار کھیل سے پوری دنیا کو اپنا گرویدہ بنانے والے مراکش کو مختلف تہذیبوں کا مرکز بھی کہا جاتا ہے، مسلمان اکثریت کے باوجود ہر طرف مختلف ثقافتوں کے رنگ نظر آتے ہیں۔

دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں شمار ہونے والے مراکش کا سرکاری مذہب اسلام ہے اور یہاں 90 فیصد آبادی مسلمان ہے جبکہ مراکش کی سرکاری زبان عربی اور بربر ہے اور اس کے علاوہ مراکش میں فرانسیسی زبان بھی بولی جاتی ہے۔

مراکش میں مختلف ثقافتی رنگ نظر آتے ہیں، یہاں پر کئی نسل اور مذہب کے لوگ رہتے ہیں جبکہ دنیا بھر سے تقریباََ 10 لاکھ سیاح ہرسال مراکش کا سفر کرتے ہیں جن میں یورپ سے آنے والے سیاحوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

اس خوبصورت افریقی ملک میں شاندار تعمیر ات دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیتی ہیں، مراکش کی خوبصورت مساجد اور تاریخی عمارات کے علاوہ بحر اوقیانوس اور بحیرہ روم سے متصل1930 کلومیٹر کا ساحل دنیا کے بہترین ساحلوں سے مزین ہے۔

مراکش کی ہر گلی میں آپ کو بڑی تعداد میں آوارہ بلیاں نظرآئینگی، مراکش کو پہاڑی خطوں کی وجہ سے بہت سی متاثر کن بلندیوں کی سرزمین بھی کہا جاتا ہے جبکہ اس ملک کو رنگوں کی سرزمین بھی مانا جاتا ہے ، یہاں کے رنگ کافی مشہور ہیں اور انھیں دیگر ممالک میں بھی فروخت کیا جاتا ہے۔