پاکستان ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد عمرہ کرنے کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے، اہل خانہ بھی عمرہ کی ادائیگی کیلئے سرفراز احمد کے ہمراہ گئے ہیں۔
سرفراز احمد تمام فارمیٹس میں پاکستانی ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں،سرفراز کو بھارت میں 2016ء کے آئی سی سی ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے بعد پاکستان کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کپتان مقرر کیا گیا تھا جبکہ اظہر علی کے مستعفی ہونے کے بعد انہیں 9 فروری 2017ء کو پاکستان کا ون ڈے کپتان نامزد کیا گیا تھا۔
سرفراز نے مصباح الحق کی ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی ٹیم کے لیے ٹیسٹ کپتانی کی ذمہ داری سنبھالی اور یوں وہ ایسا کرنے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے 32ویں ٹیسٹ کپتان بن گئے تھے۔
سرفراز کی قیادت میں پاکستان نے جون 2017ء میں چیمپئنز ٹرافی جیتی۔ مارچ 2018ء میں، یوم پاکستان پر، سرفراز ستارہ امتیاز سے نوازے جانے والے سب سے کم عمر کرکٹر بن گئے۔
سرفراز احمد کو نیوزی لینڈ کیخلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا تھا اور عمرے سے واپس آکر سرفراز احمد پاکستان سپر لیگ میں اگلے ماہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کریں گے۔