بالوں سے پیار ہے تو پیاز سے دوستی کرلیں، بالوں کے 5 مسائل جن میں پیاز آپ کی مدد کرسکتا ہے

صحت 28 Dec, 2022

عام طور پر پیاز کھانا بنانے کے اور سلاد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے لیکن پیاز کے اس روایتی استعمال سے ہٹ کر بھی کئی ایسے فائدے ہیں جو بڑے بڑے کام نکال سکتے ہیں- مثال کے طور پر اگر آپ بالوں سے متعلق مختلف مسائل کا شکار ہیں تو چند خاص طریقوں سے اس پیاز کا استعمال آپ کو ان مسائل سے چھٹکارا دلوا سکتا ہے-

گنج پن کو دور کرنے کے لیے:

اگر آپ کے بال تیزی سے گر رہے ہیں اور خصوصاً مردوں میں جن کے بال گرنے سے وہ گنج پن کا شکار ہو رہے ہوں وہ پیاز کے جوس کو سر پر اچھی طرح مالش کریں اور اس کے بعد اس کو دو سے تین گھنٹوں کے لیے چھوڑ دیں- پیاز میں بڑی مقدار میں سلفر موجود ہوتا ہے جو کہ کھوپڑی کے مردہ خلیات کا خاتمہ کرتا ہے اور نئے بالوں کی نشو نما کا راستہ کھولتا ہے-

خشکی سے نجات کے لیے:

پیاز کے اندر ایسی خاصیت موجود ہوتی ہے کہ وہ اندرونی سوزش کا ختم کرتا ہے جس کی وجہ سے خشکی کے سبب ہونے والی کھجلی سے نجات ملتی ہے- خشکی کے خاتمے کے لیے ناریل کے تیل اور ارنڈی کے تیل کو ہم وزن لے کر اس کو نیم گرم کر لیں اور اس میں ہم وزن پیاز کا جوس شامل کریں اس تیل سے سر پر اچھی طرح مساج کریں اور ایک گھنٹے کے بعد دھو لیں یہ عمل ہفتے میں تین دفعہ دہرائيں-

سفید ہوتے بال:

جن افراد کے بال عمر سے قبل ہی سفید ہونا شروع ہو جاتیں ایسے افراد پیاز کے جوس کو زیتون کے تیل اور مہندی کے ساتھ ملا کر ایک پیسٹ بنا لیں اور اس کو بالوں پر لگا لیں اور اس کے بعد دھو لیں- یہ عمل مہینے میں ایک بار کریں جلد ہی سفید ہوتے بال دوبارہ سے سیاہ ہونا شروع ہو جائيں گے-

خشک اور بے جان بالوں کے لیے:

پیاز کے اندر وٹامن سی ، بائيو ٹن ، میگنیز اور دیگر معدنیات بڑي مقدار میں موجود ہوتے ہیں پیاز کا رس نہ صرف بالوں کی قدرتی نمی کو برقرار رکھتا ہے بلکہ ان کی چمک دمک میں بھی اضافہ کرتا ہے- اس کے لیے پیاز کے جوس کو ایک انڈے میں ملا کر پیسٹ بنا لیں اور اس پیسٹ کو سر پر لگا لیں اور آدھے گھنٹے بعد دھو لیں- اس سے بال قدرتی چمک دوبارہ حاصل کر لیں گے اس سے بالوں کی نمو میں بھی اضافہ ہوتا ہے-

سکری کے لیے:

سکری کو عام طورپر لوگ خشکی ہی سمجھتے ہیں لیکن یہ ایک فنگس کی وجہ سے لگنے والی بیماری ہے جس کے سبب سفید خشکی جیسے دھبے سر کی کھال پر بن جاتے ہیں جو بالوں کو کمزور کرتے ہیں اور دیکھنے میں بہت برے لگتے ہیں- اس سے نجات کے لیے چار چمچ پیاز لے لیں جب کہ دو چمچ میتھی دانے لے کر رات بھر بھگو لیں اور اس کے بعد ان کو پیس کر اس میں چار چمچ پیاز کے جوس کو شامل کر کے سکری والی جگہوں پر لیپ دیں اور آدھے گھنٹے کے بعد دھو لیں یہ عمل ہفتے میں دو بار دہرائيں-