ایک نوجوان کینیڈین خاتون کو اس وقت ہسپتال میں داخل کرنا پڑا جب کار کی چابی اس کے چہرے کے اندر دھنس گئی- یہ چابی خاتون کے دوست نے ان کی جانب پھینکی تھی جو اتفاق سے خاتون کے چہرے کو زخمی کرتے ہوئے اس میں داخل ہوگئی-
کینیڈا سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ خاتون رینی لاریویئر اپنے اپارٹمنٹ سے نکل کر مقامی ریسٹورنٹ میکڈونلڈز جا رہی تھیں کہ اچانک انہیں یاد آیا کہ وہ گاڑی کی چابی تو گھر ہی بھول آئی ہیں- جس کے بعد انہوں نے اپنے دوست سے کہا کہ وہ اوپر سے گاڑی کی چابی پھینک دے جسے وہ پکڑ لیں گی-
بدقسمتی سے رینی گاڑی کی چابی پکڑنے میں ناکام رہیں جبکہ دھاتی چابی سیدھا ان کے چہرے پر جالگی اور گال کو چیرتی ہوئی اس کے اندر پیوست ہوگئی اور چہرے پر ہی لٹک گئی-
رینی کا کہنا تھا کہ مجھے اس وقت اپنے چہرے پر دباؤ محسوس ہوا اور ایسا لگے کہ جیسے میرے چہرے پر چابی لگائی جارہی ہو- جبکہ میرے دوست نے یہ سب دیکھ لیا تھا اور اس نے دور سے ہی چلا کر کہا “ اوہ میرے خدا تم حرکت نہ کرو اور ساتھ ہی وہ خود گھبرا گیا“-
رینی کا مزید کہنا تھا کہ پہلے مجھے کسی بات کا کوئی اندازہ نہیں ہوا کیونکہ فرسٹ ایڈ میں میرا زخم سن کر دیا گیا تھا لیکن جب میں نے خود کو آئینے میں دیکھا تو اب گھبرانے کی باری میں تھی کیونکہ اب انہیں سمجھ آئی تھی کہ چابی ان کے چہرے میں پیوست ہوچکی ہے-
رینی کے دوستوں نے ایمبولینس کو بلایا اور جیسے ہی وہ ہسپتال پہنچی، اس کا سی ٹی اسکین ہوا، اور ایک پلاسٹک سرجن کو گاڑی کی چابی ہٹانے اور زخم کو ٹانکے لگانے کے لیے بلایا گیا۔ اسکین سے پتہ چلا کہ یہ چیز آنکھ کے نیچے اور ناک کے پاس ڈیڑھ انچ گہرائی میں سرایت کر گئی تھی۔
رینی کہتی ہیں کہ مجھے دیکھنے کئی ڈاکٹر آئے اور انہیں اس حادثے پر یقین نہیں آرہا تھا کہ ایسا بھی ہوسکتا ہے جبکہ بعض میڈیکل کے طلبا کو بھی دکھایا گیا کہ دیکھیں کچھ بھی ہوسکتا ہے-
یقیناً ایسے زخم کے بارے میں جان کر آپ کے ذہن میں پہلا خیال یہی آئے گا کہ اس کے نشانات ضرور ہوں گے چہرے پر- لیکن خوش قسمتی سے رینی نہ صرف صحتیاب ہوئیں بلکہ ان کے چہرے پر کوئی ایسا نشان بھی موجود نہیں جو یہ ثابت کرسکے کہ ان کے ساتھ کوئی ایسا خوفناک حادثہ بھی پیش آیا تھا- ان کے پاس اپنی بات کو سچ ثابت کرنے کے لیے صرف اس موقع کی تصاویر اور ایکسرے رپورٹ ہے-