انوکھی شادی۔۔ طوطا اپنی دلہن لینے دھوم دھام سے بارات لےکر سسرال پہنچ گیا

بھارت میں طوطا اپنی دُلہن لینے دھوم دھام سے بارات لے کر سسرال پہنچ گیا، دلہا دلہن کی کنڈلیاں ملائی گئیں، طوطا خوبصورتی سے سجی گاڑی میں اپنی دلہن لے آیا۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ہونے والی اس انوکھی شادی میں گاؤں کے لوگوں نے بھی شرکت کی اور ہندو رسومات کے مطابق شادی سے قبل دونوں پرندوں کی کنڈلیاں بھی ملائی گئیں۔

باقاعدہ ڈھول باجے اور باراتیوں کے ساتھ آنے والے طوطے کے ساتھ پوری رسومات کے بعد طوطی کو رخصت کیا گیا، جوڑے کیلئے پنجرے کے ساتھ ایک چھوٹی گاڑی کو بھی دُلہن کی طرح سجایا گیا تھا جس میں طوطا اپنی دلہن لایا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت میں بہت شوق سے پرندے پالے جاتے ہیں جبکہ اپنی توتلی زبان کی وجہ سے طوطے کو پالنا اور اس کو بولنا سکھانا زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

گھریلو ماحول میں رہنے والے طوطے اکثر بول چال کے علاوہ گھر کے دوسرے کام بھی سیکھ جاتے ہیں اور اکثر گھر کے فرد کی طرح طوطوں کا بھی خیال رکھا جاتا ہے اور بھارت میں ایسے ہی مالکان نے اپنے گھر کے فرد کیلئے پہلے دلہن تلاش کی، رشتہ مانگا اور باقاعدہ دونوں کی شادی کی۔