ایک اور ثانیہ مرزا۔۔یہ کھیلتی نہیں گولے برساتی ہے۔۔بھارت کی پہلی مسلمان فائٹر پائلٹ لڑکی کون ؟

بین اقوامی 03 Jan, 2023

بھارت میں ان دنوں ایک بار پھر ثانیہ مرزا نام کے چرچے ہیں مگر چرچے یہ ٹینس اسٹار ثانیہ نہیں بلکہ ایک اورنوجوان لڑکی ثانیہ مرزا کے بارے میں ہیں،بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع مرزا پور کے ایک ٹی وی مکینک شاہد علی کی بیٹی ثانیہ مرزا بھارت میں پہلی مسلمان خاتون فائٹر پائلٹ بننے جارہی ہیں۔

ثانیہ مرزا کا نام سنتے ہی آپ کے ذہنوں میں فوری بھارتی ٹینس اسٹار اور پاکستانیوں کی بھابھی ثانیہ مرزا کا خیال ابھرآتا ہے۔اپنے کھیل کے ساتھ ساتھ شعیب ملک سے شادی نے ثانیہ مرزا کو پاکستانیوں کیلئے بھی فیورٹ بنادیا ہے، آج ہم آپ کو بھارت کی ایک اور ثانیہ مرزا کے بارے میں بتائیں گے جو کھیل نہیں بلکہ جنگ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گی۔

بارہویں جماعت پاس کرنے کے بعد ثانیہ نے سینچورین ڈیفنس اکیڈمی میں تیاری شروع کی۔ نیشنل ڈیفنس اکیڈمی میں 2022ءکے امتحان میں کل 400نشستیں تھیں۔ ان میں صرف 19نشستیں خواتین کے لیے تھیں اور ان میں بھی صرف 2خواتین فائٹر پائلٹس کے لیے تھیں۔ ان 2میں سے 1 سیٹ حاصل کرنے کے لیے ثانیہ مرزا نے سخت مقابلہ کیا اور اپنی محنت سے کامیاب ہو گئی۔

ٹی وی مکینک کی بیٹی ثانیہ مرزا بھارتی فضائیہ میں فائٹر پائلٹ کے لیے منتخب ہونے والی پہلی مسلمان خاتون ہیں۔ثانیہ مرزا نے 27 دسمبر کو نیشنل ڈیفنس اکیڈمی کو باقاعدہ طور پر جوائن کرلیا ہے۔بھارتی وزارت دفاع نے 2015ء میں خواتین پائلٹس کو فضائیہ میں بھرتی کرنے کی منظوری دی تھی۔

رواں برس فضائیہ میں خواتین پائلٹس کو تجرباتی اسکیم کے تحت مستقل طور پر ملازمت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔بھارتی ایئر فورسز کی پہلی مسلمان فائٹر پائلٹ ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ میں فلائٹ لیفٹیننٹ آوانی چترویدی سے متاثر تھی ۔ثانیہ مراز کا کہنا ہے کہ آوانی چترویدی کو دیکھ کر میں نے نیشنل ڈیفنس اکیڈمی میں داخلہ لیا۔

میں امید کرتی ہوں کہ نوجوان نسل مجھ سے ایک نہ ایک دن ضرور متاثر ہوگی۔بھارتی ایئر فورس کو پاکستان میں ابھی نندن نامی پائلٹ کے حملے کے بعد بہت زیادہ شہرت ملی، اپنی عجیب و غریب مونچھوں کی وجہ سے پہچانے جانے والے ابھی نندن ایک چائے کے بدل پورا جہاز پاکستان کو دے گئے تھے۔

اب دیکھنا ہے کہ کیا ثانیہ مرزا بھی ایئر فورس میں فائٹر پائلٹ بن کر ابھی نندن کی طرح پاکستان کیخلاف مہم جوئی کریں گی ،یا ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی طرح یہ ثانیہ مرزا بھی پاکستانیوں کے دل میں عزت کا مقام پیدا کریں گی۔