بے حساب پیسہ لیکن ۔۔ دنیا کے کامیاب ترین انسانوں کی اہم عادات جنہیں اپنا کر آپ بھی اپنی زندگیاں تبدیل کرسکتے ہیں ؟

بین اقوامی 05 Jan, 2023

دنیا میں کون ہوگا جسے کامیاب انسان بننے کی خواہش نہ ہو لیکن ہر کسی کا یہ خواب پورا نہیں ہوتا ۔ کروڑوں میں سے چند لوگ ہی کامیابی کی سیڑھی چڑھ پاتے ہیں اور ان کی خوبیاں اور خامیاں محض ان کی ذات تک محدود نہیں رہتیں بلکہ ان کے مداحوں اور پیروکاروں کیلئے عملی نمونہ بن جاتی ہیں جن پر عمل کرکے لوگ اپنی زندگیوں کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ہم نے زندگی کے مختلف شعبہ جات کے کامیاب ترین افراد کی چند اہم عادات کا احاطہ کیا ہے جو قارئین کیلئے پیش خدمت ہے۔

مارک زکر برگ:

مارک ایلیوٹ زکربرگ کوسوشل میڈیا ویب سائٹ فیس بک اور اس کی پیرنٹ کمپنی میٹا پلیٹ فارمز (سابقہ فیس بک، انکارپوریشن) کے شریک بانی کے طور پرجانا جاتا ہے،وہ چیئرمین، چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کنٹرولنگ شیئر ہولڈر ہیں اور ان کا شمار دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے لیکن اگر ہم آپ کو یہ بتائیں کہ مارک زکر برگ روز ایک جیسی ٹی شرٹ پہنتے ہیں تو شائد آپ کو یقین نہیں آئے گا تو جناب یہ سچ ہے کہ دنیا کے یہ کامیاب ترین انسان محض وقت بچانے کیلئے روز ایک جیسی ٹی شرٹ پہنتے ہیں تاکہ وہ کپڑوں کے انتخاب کیلئے صرف ہونیوالا وقت بچاکر کسی تعمیری مقصد پر لگاسکیں۔

البرٹ آئنسٹائن :

جرمنی کے شہر اولم میں 14 مارچ 1879ء کو پیدا ہونیوالے البرٹ آئنسٹائن کو بیسویں صدی کا سب سے بڑا طبیعیات دان مانا جاتا ہے ۔ اب آپ سوچ رہے ہیں ہونگے کہ اتنا بڑا سائنسدان شائد دن کے 24 گھنٹے سائنسی فارمولے بناتا ہوگا توایسا بالکل بھی نہیں ہے بلکہ البرٹ آئنسٹائن روزانہ تقریباً 10 سے 11 گھنٹے سو کر گزارتے تھے کیونکہ ان کا ماننا تھا کہ اچھی نیند ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو مزید نکھارتی ہے۔

اسٹیو جابز:

اسٹیوین پال اسٹیو جابز اپیل کمپنی کے بانی تھے اور ان کی شاندار تخلیقی صلاحیتوں نے ان کی کمپنی کو سب سے امیر ترین کمپنی بنایا اور آئی فون سے پوری دنیا کو ٹیکنالوجی کی نئی جہتوں سے متعارف کروایا ۔ افسوس کہ 24 فروری 1955 کو پیدا ہونیوالے اسٹیو جابز2011 میں کینسر کی وجہ سے دنیا چھوڑ گئے۔ان کی ایک عادت تھی کہ وہ روز صبح آئینے کے سامنے کھڑے ہوکر اپنے مقصد کے بارے میں خود سے دریافت کرتے تھے اور پھر اس کو عملی جامہ پہنانے کی جدوجہد میں لگ جاتے تھے۔

تھامس ایڈیسن :

ایک ہزار سے زائدسائنسی ایجادات کرنیوالے تھامس ایلوا ایڈیسن نے ایک غریب گھرانے میں آنکھ کھولی اور ابتدائی تعلیم گھر پر ہی حاصل کی۔ 12سال کی عمر میں ریل گاڑی میں کتابیں بیچنے کا کام شروع کیااور انہیں تمباکو نوشی کے ڈبے میں تھوڑی سی جگہ دے دی گئی تھی۔ وہیں انہوں نے ایک کیمیاوی تجربہ گاہ بنا رکھی تھی جہاں سے انہوں نے اپنی ایجادات کا آغاز کیا۔تھامس ایڈیسن کی تخلیقی صلاحیت کیلئے ان کی تصوراتی صلاحیت بھی شاندار تھی جس کی وجہ سے وہ اپنے تصورات کو تخلیق میں ڈھالتے تھے اور اس عظیم موجدنے ناصرف 1093ایجادات کیں بلکہ ان کے حقوق بھی محفوظ بنائے۔

بل گیٹس:

مائیکروسافٹ کے ولیم ہنری گیٹس کے نام سے کون واقف نہیں ہوگا، یہ اپنے بچپن کے مرحوم دوست پال ایلن کے ساتھ مائیکرو سافٹ کے شریک بانی ہیں۔تقریباً 107 ارب ڈالر کے مالک بل گیٹس تعلیمی ویڈیوز دیکھتے ہوئے ٹریڈمل پر دوڑ کر جسم اور دماغ کو تربیت دیتے ہیں۔